بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانے کے بعد جہاں کئی بالی ووڈ ستارے ان فنکاروں کی حمایت میں سامنے آئے وہیں، بالی ووڈ کے معروف اداکار اجے دیو گن نے بھی پاکستانی فنکاروں کی حمایت میں بیان دے دیا ہے۔
بھارتی میڈیارپورٹس کے مطابق اجے دیوگن نے اپنی آنے والی فلم’شیوے‘کی تشہیری مہم کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری کے تمام لوگ پاکستانی فنکاروں کے حوالے سے اچھی طرح واقف ہیں کہ وہ کسی دہشت گرد تحریک کا حصہ نہیں اس لئے پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا دہشت گردی کا حل نہیں ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلم میں پاکستانی اداکار نے کام کیا تو اس کی ریلیز کے لیے پیسوں کا تقاضہ کرنا بھی غلط ہے اور کسی پروڈیوسر کو مجبور نہیں کیا جاسکتاکہ وہ 5 کروڑ روپے آرمی فنڈ میں جمع کرائے۔
پاکستانی فنکار دہشت گرد نہیں کیونکہ ہم نے کئی بار ان کے ساتھ مل کر کام کیا اور انہیں اچھی طرح سے جانتے بھی ہیں۔واضح رہے اجے دیو گن کی فلم’شیوے‘کل سے سنیما گھروں میں ریلیز کی جارہی ہے۔