وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپنے سیاسی فائدے کے لیے اسمبلیاں چند ماہ پہلے بھی تحلیل کر سکتے ہیں،ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن سیاسی درجہ حرارت ہے کہ مسلسل بڑھ رہا ہے۔
ایک انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حالات سے فائدہ اٹھانا پڑا تو اپنے سیاسی فائدے کے لیے اسمبلیاں چند ماہ پہلے بھی تحلیل کرسکتے ہیں لیکن ابھی ایسا کچھ طے نہیں کیا گیا اور نہ ہی ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی میں یہ سکت نہیں ہے کہ وہ کے پی یا سندھ کی حکومت ختم کرسکیں۔ ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ آصف علی زدرداری نے پیپلز پارٹی کو تباہ کر دیا ہے۔ اس کا جو حشر کیا ہے، وہ اس کا جشن منا رہے تھے۔ پیپلز پارٹی کی جو حالت کر دی ہے، اس پر فاتحہ پڑھنی چاہیے،اسمبلیوں سے استعفے دیئے گئے تو یہ بڑا مایوس کن اقدام ہو گا۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ان کا خیال ہے کہ پی ٹی آئی خیبر پختونخوا اور پیپلز پارٹی سندھ میں استعفے نہیں دیں گی۔