مردے کو زندہ کرنے کا دلچسپ واقعہ بنگلورو کے علاقے خان پور میں پیش آیا جب مبینہ طور پر ایک شخص اپنے گھر کے قریب ترپال کے ساتھ ٹریکٹر ڈھکنے گیا تو اسی دوران اسے سانپ نے ڈس لیا جسے اس نے محض یہ سوچ کر نظر انداز کر دیا کہ شاید کسی معمولی کیڑے نے اسے کاٹ لیا ہے۔
اس دوران وہ معمو ل کے کام بھی کرتا رہا ۔ رات کو کھانا کھایا اور سو گیا ۔ دو بجے شب اسے درد اورقے آنا شروع ہو گئی جس پراسے فوری ہسپتال لے جایا گیا ، تاہم وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی مر گیا ۔ ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا اور پوسٹ مارٹم کی ہدایت کی۔
اچانک موت سے گھر والے حیران تھے ، انہیں موت قبول نہ ہوئی تو جادو کے زور پر اسے دوبارہ زندہ کرنے کے لئے ایک سپیرے سے رابطہ کیا۔ سپیرے نے اصرار کیا کہ اگر اس کی لاش کو ایک گھنٹہ نمک میں رکھا جائے تو یہ دوبارہ زندہ ہو جائے گا۔
لواحقین نے سپیرے کی بات مانتے ہوئے بھاری رقم خرچ کرکے نمک کے ایک ڈھیر میں لاش کو ایک گھنٹے تک کے لئے رکھ دیا نمک کا ڈرامہ جب کامیاب نہ ہواتو پھر پولیس کو مداخلت کرنا پڑی اور پوسٹ مارٹم کرایا۔