کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کے بلوچستان داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، صوبے میں امن و مان برقرار رکھنے کی خاطر منظور پشتین کو نوے دنوں تک بلوچستان میں داخل ہونے سے روکا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی و سربراہ منظور پشتین کے خلاف انتہائی قدم اُٹھا لیا گیا ہے، منظور پشتین کی وجہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کا امن و مان خراب ہونے کا خدشہ تھا جسکی وجہ سے بلوچستان حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ کے بانی و سربراہ منظور پشتین کے بلوچستان داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان برقرار رکھنے کی خاطر بلوچستان حکومت نے منظور پشتین کے بلوچستان میں داخلے پر 90 روز کے لیے پابندی لگائی ہے۔ خیال رہے کہ پی ٹی ایم کے بانی و سربراہ منظور پشتین نے آج (پیر کے دن ) ایک فلائٹ کے ذریعے کراچی سے کوئٹہ پہنچنا تھا، لیکن بلوچستان حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی منظور پشتین کو کراچی سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہونے سے روک دیا گیا ہے اور وہ اس وقت کراچی میں ہی موجود ہے۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے بھی پی ٹی ایم کو وارننگ جاری کی گئی تھی کہ وہ اپنی حد کراس نہ کریں اور نہ ہی قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی کوشش کریں ورنہ ریاست اپنی رٹ قائم کرنے پر مجبور ہوگی ۔