نارتھمپٹن: گرانٹ فلاور پاکستانی بیٹنگ میں مزید نکھار لانے کے خواہاں ہیں۔
نارتھمپٹن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کے بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور نے کہاکہ کھلاڑی انگلش کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہورہے ہیں، نارتھمپٹن شائر کیخلاف بیٹسمینوں نے بہتر کارکردگی پیش کی لیکن اس دوران خامیاں بھی نظر آئیں، ٹیسٹ میچز سے قبل ہمیں مزید کام کرنا ہوگا، گرانٹ فلاور نے کہا کہ اسد شفیق کو 2مواقع ملے جس کا انھوں نے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑی اننگز کھیلی،باصلاحیت بیٹسمین اچھے ٹمپرامنٹ کے حامل اور ثابت قدم رہنے کی پوری کوشش کرتے ہیں،ٹور میچ میں پاکستان کو اچھی پوزیشن پر لانے میں ان کا اہم کردار رہا۔
ایک سوال پر گرانٹ فلاور نے کہا کہ شاداب خان صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی ہیں۔ انھوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا، اب طویل فارمیٹ میں بھی اہلیت ثابت کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں،یاسر شاہ کی عدم موجودگی میں ٹیسٹ میچز میں ان کا ٹیم کیلیے اہم کردار ہوگا۔ بیٹنگ کوچ نے کہا کہ اگرچہ بولرز نے بعض بڑی متاثر کن گیندیں کیں لیکن ابھی لائن اور لینتھ کو بہتر بنانے کیلیے مزید محنت اور حاضر دماغی سے کام لینے کی ضرورت ہے، کوچز مزید رہنمائی اور بولرز پلان پر عمل درآمد کریں تو کارکردگی میں بہتری آئےگی۔
اس موقع پر لیگ اسپنر شاداب خان نے کہا کہ انگلش کنڈیشنز اور موسم میں گیند بریک کرنا مشکل اورگرفت بھی کمزور رہتی ہے،خوشی کی بات ہے کہ جو تجربات کیے کامیاب رہے، ٹیسٹ میچز میں بھی یہی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔