ممبئی: بھارت کی لیجنڈ گلوکارہ لتا منگیشکر نےموسیقی کی دنیا میں اپنی شہرت کی وجہ اردو کو قرار دے دیا۔
معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں اور ان کا ذکر کیے بغیر موسیقی کانام ادھورا ہے۔ لتا منگیشکرنے اپنی آواز کے جادو سے دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل کررکھا ہے اور اب تک لا تعداد گیت گاچکی ہیں جس میں سے متعدد گیت ان کی آواز میں امرہوچکے ہیں لیکن اب لیجنڈری اداکارہ نے اپنی کامیابی کا راز افشا کردیا ہے۔
موسیقی کی دنیا میں 75 سال مکمل ہونے پر لتا منگیشکر کا کہنا تھا کہ اردو کے بہتر تلفظ کی وجہ سے فلموں میں عروج حاصل ہوا ہے اور اس کے لیے میں کے ایل سہگل، میڈم نورجہاں اور موسیقار نوشاد علی کی گائیکی اور گفتگو کا بغور جائزہ لیتی تھی جس سے مجھے اردو زبان کو سمجھنے میں کافی مدد ملی اورتلفظ بھی ٹھیک ہوگیا۔
گلوکارہ نے کہا کہ میری گائیکی پر کے ایل سہگل کی موسیقی کااثر ہے کیوں کہ میں سہگل صاحب کے اردو تلفظ کو اپنانے کی کوشش کرتی تھی اور میڈم نورجہاں کا انداز بہت پسند تھا اسی لیے ان کو بھی سن کر اردو بہتر کرنے کی کوشش کرتی تھی جب کہ موسیقار نوشاد علی نے بھی ہمیشہ اردو تلفظ پر توجہ دینے کی ہدایت کی ۔
واضح رہے کہ لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر 1942 سے گلوکاری سے وابستہ ہیں اور کم عمری میں ہی اپنی آواز کا جادو جگانا شروع کیا تھا۔