معاشی طور پر بالآخر استحکام حاصل کر لینے والی تحریک انصاف کی حکومت اب سیاسی بحران کا شکار ہو گئی ہے۔تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کی اتحادی ایم کیو ایم نے حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دے دیا ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان نے بدھ کے روز کراچی میں پاکستانکوارٹرز کے علاقے میں ہونے والے پرتشدد واقعے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دیا ہے۔پاکستان کوارٹرز میں ہونے والے پرتشدد واقعے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان اور تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ کی جا رہی ہے۔تحریک انصاف کراچی کی قیادت نے الزام عائد کیا ہے کہ فاروق ستار پاکستان کوارٹرز کے مکینوں کو بڑھکا کر پرتشدد واقعے کا باعث بنے۔ تحریک انصاف نےایم کیو ایم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پارٹی میں فاروق ستار کی پوزیشن کی وضاحت کریں۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کوارٹرز پر قبضہ کرنے والے مکینوں کی بے دخلی سے روکا جائے، ورنہ وہ حکومت سے علیحدگی پر غور کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔