پنجاب بھر کی عدالتوں میں زیر سماعت جعلی عدالتی فیصلوں سے متعلق ڈگریوں پر عمل درآمد روک دیا گیا
لاہور: پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اراضی سکینڈل اپنے منطقی انجام تک پہنچنے کے قریب ہے ، پنجاب بھر کی عدالتوں میں زیر سماعت جعلی عدالتی فیصلوں سے متعلق ڈگریوں پر عمل درآمد روک دیا گیا ۔ دنیا نیوزنے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اراضی سکینڈل بے نقاب کیا تھا چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر معاملے کی تحقیقات ہوئیں اور انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا جس نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ تیار کی۔
رپورٹ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو جمع کرا دی گئی جس میں جعلی عدالتی فیصلوں کے حوالے سے دنیا نیوز کی رپورٹ کو درست قرار دیا گیا ۔ رپورٹ میں جعلساز چوہدری ارشد کے نام کی تمام ڈگریاں جعلی ہونے کا انکشاف ہوا جبکہ جج ، وکیل اور عدالتی فیصلے بھی جعلی نکلے ۔ چیف جسٹس منصور علی شاہ نے اراضی سکینڈل پر عبوری حکم جاری کیا اورپنجاب بھر کی عدالتوں میں زیر سماعت جعلی عدالتی فیصلوں سے متعلق ڈگریوں پر عمل درآمد روک دیا ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جعلساز قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکتے ۔ چیف جسٹس نے 3 ماہ میں سول جج کو تمام کیسز نمٹانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی فیصلوں کے بعد فوجداری کارروائی بھی کی جائے ۔ انکوائری کمیشن نے جعلی عدالتی فیصلوں کی روک تھام کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں جو چیف جسٹس نے منظور کرلیں۔