لاہور (ویب ڈیسک) وزیراطلاعات پنجاب صمصام علی بخاری کا کہنا ہے کہ شہبازشریف خوب جانتے ہیں کہ وہ کیوں واپس آئے؟ وزیراطلاعات کا بیان میں کہنا تھا شہبازشریف کا واپس آنا کوئی احسان نہیں۔ ہر شہری کا سر قانون کے سامنے سرتسلیم خم ضروری ہے۔ انہوں نے کہا دونوں بھائیوں کے بیانیے کا دوبارہ ٹاکرا ہونے جا رہا ہے۔ اب مریم بی بی اور حمزہ شہباز میں اصل مقابلہ شروع ہوگا۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق پاکستان مسلم لیگ( ن) کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج پیر کو ڈھائی بجے پارلیمنٹ ہائوس میں طلب کر لیا گیا، پارٹی کی اکنامک ایڈوائزری کونسل کا اجلاس بروز بدھ، 12 جون کو ہوگا۔ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور قائدِ حزبِ اختلاف شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی ایڈوائزری گروپ کا اجلاسآج بروز پیر مورخہ 10 جون کو دوپہر اڑھائی پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن چیمبر میں منعقد ہوگا۔ علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ میاں شہبازشریف کل 11 جون کو رمضان شوگر ملز اور آشیانہ کیس میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر فاضل عدالت کے جج کی طرف سے اظہار برہمی کیا گیا تھا اور شہبازشریف کے وکیل سے عدالت نے کہا کہ شہبازشریف کی وطن واپسی کی حتمی تاریخ بتائی جائے اور انہیں عدالت میں حاضر کیا جائے تاکہ کیس کو جلدی نمٹایا جاسکے۔ نیب کے پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ شہبازشریف کو حاضری کیلئے پابند کیا جائے کیونکہ وہ جان بوجھ کر کیس کو التواء کا شکار کررہے ہیں۔ شہبازشریف 10 اپریل کو طبی معائنے کیلئے برطانیہ گئے تھے۔ شہبازشریف 7 ہفتوں بعد علاج کے بعد لندن سے واپس آگئے ہیں