انقرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردگان کو اپنے سیاسی کیریئر کا سب سے بڑا جھٹکا لگ گیا ہے اور ان کی پارٹی استنبول کی میئرشپ کا دوبار ہ کرایا جانے والا الیکشن پہلے سے زیادہ برے طریقے سے ہار گئی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق استنبول کے میئر کے لیے پہلا الیکشن رواں سال مارچ میں ہوا تھا جو مخالف پارٹی کے اکرم امام اوگلو نے 13ہزار کی اکثریت سے جیت لیا تھا۔ تاہم صدر اردگان نے اس الیکشن پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے دوبارہ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔رپورٹ کے مطابق اب دوبارہ الیکشن ہونے پر 49سالہ امام اوگلو کی اکثریت 13ہزار سے 8لاکھ تک پہنچ گئی۔ ان کے خلاف صدر رجب طیب اردگان کے حمایت یافتہ امیدوار بن علی یلدرم تھے ، جو ترکی کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ امام اوگلو نے اپنی فتح پرہزاروں حامیوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”شکریہ استنبول۔ یہ الیکشن کسی ایک گروپ یا پارٹی نے نہیں جیتا، یہ الیکشن پورے استنبول اور ترکی نے جیتا ہے۔ “