لندن: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہمیشہ سے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ترقی کی بات کرتے آئے ہیں۔ اب تحریک انصاف کی فتح کے بعد برطانیہ نے تعلیم کے شعبے میں عمران خان کو ایسی مدد کی پیشکش کر دی ہے کہ سن کر پاکستانی خوش ہو جائیں گے۔ تحریک انصاف کی عام انتخابات میں فتح کے بعد برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے عمران خان سے بنی گالا میں ملاقات کی اور انہیں پیشکش کی کہ برطانیہ 2 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو سکولوں میں بھیجنے کے لیے نئی پاکستانی حکومت کی مدد کو تیار ہے۔
عمران خان سے ملاقات میں تھامس ڈریو کا کہنا تھا کہ ”ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ تعلیم سے محروم 2 کروڑ 20 لاکھ بچوں کو سکول بھیجنے میں تحریک انصاف کی حکومت کی مدد کرے گا۔ برطانوی حکومت نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ کام کرنے اور مختلف شعبوں میں اس کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔“اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ ”پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں کیونکہ برطانیہ میں پاکستانی شہری بڑی تعداد میں آباد ہیں۔“ تھامس ڈریو کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے اپنے وعدے کا اعادہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ”ہم منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ بھیجی گئی رقم بھی واپس پاکستان لائیں گے۔“