مری ( مانیٹرنگ ڈیسک) آئے روزسوشل میڈیا پر تصویریں اور ویڈیوز اپ لوڈ ہوتی رہتی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مری میں مافیا کی جانب سے وہاں پر جانے والے سیاحوں کو تشدد اور ہتک آمیز سلوک کا نشانہ بنایا جاتا ہے تاہم اب اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بُزدار نے شاندار قدم اُٹھا لیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایت پر مری میں ڈولفن فورس تعینات کر دی گئی ہے ۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بُزدار کا کہنا ہے کہ مری میں سیاحوں اور شہریوں کے تحفظ کے لئے ڈولفن فورس تعینات کی گئی ہے، مری میں ڈولفن فورس کی تعیناتی سے سیاحوں اور شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھے گا، سیاحوں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دیں گے، انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں، سیاحتی مقامات پر اوورچارجنگ کرکے سیاحوں کو لوٹنا کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔ وزیراعلیٰ کا مری میں اوور چارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کے بارے میں شکایات کانوٹس لیتے پوئے فوری طور پر شکایات کے اذالے کا حکم نامہ جاری کیا ، وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ اوورچارجنگ اور کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے، کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آئندہ اوورچارجنگ کی شکایت ملی تو متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی، کھانے پینے کی معیاری اشیاء کی فروخت کو یقینی بنانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، مری میں کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء کی فروخت کو ہر صورت روکا جائے، کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت اوراوورچارجنگ کرنے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے، انتظامیہ ہوٹل مالکان سے رابطے کر کے کرایوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لئے اقدامات کرے، سیاحوں کے ساتھ اچھے رویے کا مظاہرہ کیا جائے، جہاں بد تمیزی کی شکایت سامنے آئے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔ مری میں پارکنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بہترین ٹریفک مینجمنٹ کر کے سیاحوں کو سہولت فراہم کی جائے، ٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے جامع پلان مرتب کیا جائے اور اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، مری میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کا مستقل حل تلاش کیا جائے، پارکنگ اور زائد فیس کی وصولی کے بارے میں سیاحوں کو شکایت نہیں ہونی چاہیے، اہم مقامات پر پارکنگ اور طے شدہ فیس کے بورڈ نمایاں طو رپر لگائے جائیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آج ڈولفن فورس نے پٹرولنگ شروع کردی ہے۔ اس حوالے سے آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈولفن فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوری ایکشن لے گی،ڈولفن فورس سٹریٹ کرائم کے سدباب کے لئے بھی فرائض سرانجام دے گی۔