لاہور: تبدیلی کی ہوا پنجاب میں بھی چل پڑی ہے، وفاق کے بعد اب پنجاب کی بھی وزارتوں مین بھی تبدیلی کردی ہے۔ پنجاب کابینہ میں وزارتوں کی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے پنجاب کابینہ کے حوالے سے مشاورتی عمل تیز کردیا ہے، کل وزیراعظم عمران خان سے بھی ملیں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ میں پانچ وزارتوں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے مشاورتی عمل تیز کردیا ہے۔ گورنر پنجاب وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کے بعد کل وزیراعظم عمران خان سے بھی ملیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیاض الحسن چوہان کو دوبارہ پنجاب کابینہ میں شامل کیا جائے گا، ڈاکٹر یاسمین راشد، حسین جہانیاں گردیزی، سردار آصف نکئی، زوار حسین وڑائچ اور حافظ ممتاز کی وزارتیں تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔گورنر پنجاب چوہدری سرور کی اہم ملاقاتوں کا سلسلہ جاری جاری ہے، گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبےکی صورتحال پر ملاقات کی، جس میں عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چوہدری سرور کا کہنا تھا مسائل کےحل کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ خیال رہے پنجاب کابینہ میں مزید تبدیلیوں کے پیش نظر صوبائی اسمبلی کی اپوزیشن جماعتوں کے رابطوں میں تیزی آگئی ہے اور ماضی کے حریفوں نے بھی ایک دوسرے سے رابطے شروع کردیے ہیں۔ یاد رہے 19 اپریل کو وزیراعظم عمران خان نے مختلف اداروں سے پنجاب حکومت کی کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی اور کہا جا رہا تھا چھ صوبائی وزرا کے محکمے بھی تبدیل ہونے کا امکان ہے، تبدیل ہونے والے محکموں میں وزارت صحت، خوراک، جیل خانہ جات، توانائی، لیبر، ایکسائز شامل ہیں۔ وزیراعظم نے گورنر پنجاب چوہدری سرور کو بھی طلب کر لیا تھا۔