( وزیراعظم عمران خان نے کسی بھی سرکاری یا نیم سرکاری ملازم کو برطرف نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان
کے اس فیصلے کے تحت کسی بھی سرکاری یا نیم سرکاری ملازم کو برطرف نہیں کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس سے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے سے سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین نے اطمینان کا سانس لیا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بحیثیت وزیراعظم اپنے پہلے خطاب میں کفایت شعاری اور سرکاری اخراجات کم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ جس پر سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ سرکاری ملازمین میں خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ اگر وزیراعظم عمران خان نے سرکاری محکموں سے بھی کانٹ چھانٹ کر کے ملازمین
برطرف کر دئے تو مستقبل کا کیا ہو گا۔قبل ازیں حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں خریداری بند کردی تھی ۔وزارت صنعت و پیدوار کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن میں خریداری بند کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا گیا جس کے مطابق خریداری تاحکم ثانی روکنے کی ہدایت کی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ خریداری کی بندش سے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیاء کی دستیابی ختم ہوجائے گی جب کہ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے 14 ہزار ملازمین کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔تاہم اب وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے تحت سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کو برطرف نہیں کیا جائے گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر رکھا ہے جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ تاہم سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کو برطرف نہ کرنا اور عوام کو ایک کروڑ نوکریاں دینا پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے بلا شُبہ ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔