پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) بزم اہل سخن فرانس اور سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام سفارت خانہ پاکستان میں ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ مشہور پاکستانی شاعر و مصنف امجد اسلام امجد نے اس خصوصی تقریب کی صدارت کی جبکہ مشہور شاعر خالد مسعود نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے اس تقریب میں شرکت کی۔
یہ تقریب سفارت خانہ پاکستان کے ہال میں منعقد کی گئی تھی جس میں شعراء، مصنفین، پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جناب معین الحق سفیر پاکستان نے شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک الگ ملک حاصل کرنے کا تصور دیا جس کے نتیجہ میں پاکستان معرض وجود میں آیا۔
انہوں نے یوم اقبال کے موقع پر اقبال کی فلسفانہ زندگی، انفرادی ذمہ داری اور معاشرتی ہم آہنگی کے بارے میں گہرے اور سنجیدہ مطالعے کی ضرورت پر زور دینا ہے۔
جناب امجد اسلام امجد نے پاکستانی برادری سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے یہ بہت اچھا موقع ہے کہ ان کے امن، خودی اور خودی کی تجدید کے پیغام کو دہرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو چاہیئے کہ اقبال کے پیغام کو سمجھ کر ایک ذمہ دار شہری کے طور پر قوم کی تعمیر میں حصہ لیں۔
اس سے پہلے ایاز محمود جنرل سیکرٹری، بزم اہل سخن نے فرانس میں مقیم پاکستانی برادری کے ساتھ امجد اسلام امجد اور خالد مسعود خان کا تعارف کروایا اور ان کا یوم اقبال کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کیا۔ فرانس میں مقیم پاکستانی شعراء نے بھی اس موقع کی مناسبت سے اپنی نظمیں پڑھیں۔ پاکستانی کمیونٹی کے راہنماؤں کی بزم سخن کے صدر ملک عاکف غنی اور جنرل سیکریٹری ایاز محمود ایاز کو اس خوبصورت پروگرام پر مبارکباد دی۔ یاد رہے کہ معروف بزنس مین چوہدری سعید سرور کی دعوت پر امجد اسلام امجد اور خالد مسعود خان فرانس تشریف لائے اور غزالی ایجوکیشن فورم کے فروغ تعلیم کے منصوبوں کے لئے ایک چیریٹی ڈنر مشاعرے میں بھی شرکت کی۔