لاہور (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ 17اکتوبر کو پاکستان میں سائنسی میلہ کا انعقاد کیا جا رہا ہے‘اس کانفرنس میں ملالہ یوسفزئی، الین مس، بل گیٹس، ٹرپاکی، مارک زکر برگ سمیت دنیا بھر سے نامور شخصیات شرکت کریں گی۔ اور ہم اس کانفرنس کو بہت اہم دیکھ رہے ہیں کیونکہ اس کے نتیجہ میں پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری اور نئے مواقع کا امکان ہے تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے تیار کئے گئے قمری کیلنڈر کے مطابق عیدالاضحی 12اگست کو ہوگی ‘ اس کیلنڈر کی تیاری کے بعد رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں لہٰذا ہم درخواست کریں گے کہ رویت ہلال کمیٹی کو ختم کیا جائے اور ہمارے تیار کئے گئے قمری کیلنڈر کو سرکاری حیثیت دی جائے‘ہم نے اپنے قمری کیلنڈر کو ای سی او اجلاس کا حصہ بنانے کیلئے دفتر خارجہ کو درخواست دی ہے‘ہمارا تیار کیا گیا قمری کیلنڈر اسلامی دنیا کا پہلا قمری کیلنڈر ہو گا۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ قمری کیلنڈر کی ایپلی کیشن کو یو اے ای، سعودی عرب سمیت دیگر اسلامی ممالک نے سراہا ہے‘ امریکا کے ساتھ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تعلقات کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں، امریکہ نے ہمیں 10 انکیوبیشن سینٹرز بنا کر دیئے‘موبائل فون کے ذریعے تمام تر خریداری کی ادائیگی کی جائے گی، اس سلسلہ میں ہم پیمنٹ آن موبائل کے نام سے پراجیکٹ پر کام کر رہے ہیں جو آئندہ 6 ماہ تک مکمل ہو جائے گا‘ہمیں جرائم پر کنٹرول کرنے کیلئے ای پالیسی کی طرف جانا ہے جس کے بعد جرائم کا تمام تر ریکارڈ شناختی کارڈ کے نمبر پر میسر ہو سکے گی۔