ممبئی(ویب ڈیسک) ان دنوں بالی وڈ میں چھوٹے نواب سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان کے خوب چرچے ہیں، ایسے میں اداکارہ نے خود اپنی مقبولیت کی وجہ بھی بتادی۔ اداکارہ نے فلم نگری میں قدم فلم ’کڈرناتھ‘ سے رکھا جس میں جاندار اداکاری اور دلکش اداؤں سے سب کا دل جیت لی اور اب سارہ علی خان کی دوسری فلم ’سمبا‘ 28 دسمبر کو ریلیز ہونے جارہی ہے جس میں وہ اداکار رنویر سنگھ کے ساتھ پہلی مرتبہ جلوہ گر ہوں گی۔ فلم کی ریلیز سے قبل ہی فلم کا ٹریلر اور گانے مداحوں میں مقبول ہوچکے ہیں تاہم فلم کی تشہیر زور و شور سے جاری ہے۔ تشہیر کے دوران سارہ علی خان کا میڈیا سے پُراعتماد انداز میں گفتگو کرنا اداکارہ کے مداحوں میں اضافے کا باعث بن گیا ہے جس پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ سارہ علی خان ایک ہوشیار اداکارہ ہیں۔ بھارتی نیوز سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق سارہ علی خان کا کہنا ہے کہ وہ بہت ذہین نہیں لیکن ایک تعلیم یافتہ اداکارہ ہیں یہی وجہ ہے کہ لوگ کنفیوژ ہیں‘۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری گھیرے میں لے لیتی ہے ایسے میں چیزوں کو متوازن کر کے کیسے چلنا ہے یہ سب سے زیادہ اہم ہوتا ہے، ہر چیز پر لاپرواہ نہیں ہو سکتے اور بہت زیادہ ذہنی دباؤ بھی خطرناک ہے اس لیے جب اکیلے ہوں تو چیزوں کو سوچنا سمجھنا چاہیے‘۔