بالی وڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کے بھارتی باکس آفس پر فلاپ ہونے کے بعد چینی اداکارہ ژو ژو نے بھارت آنے سے انکار کردیا۔
سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ 105 کروڑ سے زائد کے بجٹ سے بنی جس میں چینی اداکارہ ژو ژو نے بھی کردار ادا کیا ہے۔ فلم کی عید پر ریلیز کے موقع پر بڑی کمائی کی توقع کی جارہی تھی لیکن سلو میاں کی ٹیوب لائٹ باکس آفس جلنے سے پہلے ہی فیوز ہوگئی۔ فلم بھارت میں اپنی ریلیز کے 9 دنوں میں صرف 112 کروڑ سے زائد کا بزنس ہی کرسکی ہے جب کہ سلمان خان کی فلم’’جے ہو‘‘ کے بعد ٹیوب لائٹ باکس آفس پر کم کمائی کرنے والی دوسری فلم ہے۔
فلم کی باکس آفس پر ناکامی کے بعد ڈسٹری بیوٹرز کو بھی کروڑوں کا نقصان ہوا ہے جس پر وہ بھی پریشانی کا شکار ہیں لیکن اب فلم کی ناکامی نے سلو میاں کی ہیروئن کو بھی مایوس کردیا ہے۔ فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں سلمان خان کے مدمقابل چینی اداکارہ ژو ژو کی یہ پہلی بالی وڈ فلم ہے جس کی ناکامی نے چینی اداکارہ کو دلبرداشتہ کردیا ہے۔ چینی اداکارہ ژو ژو فلم کی تشہیری مہم میں شرکت نہ کرنے کے باعث فلم کی نمائش کے بعد بھارت آنے کا ارادہ رکھتی تھیں لیکن اب فلم کی ناکامی کے بعد انہوں نے بھارت آنے سے انکار کردیا ہے۔