ڈربن: گلوبل لیگ کا رنگ آغاز سے قبل ہی پھیکا پڑنے لگا، چیمپئنز ٹرافی کے پاکستانی ہیروز نے پروٹیز ایونٹ پر بنگلہ دیشی لیگ کو ترجیح دے دی۔
جنوبی افریقی گلوبل ٹوئنٹی 20 لیگ میں پلیئرز کی ڈرافٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے، اس ٹورنامنٹ کی تاریخ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ سے متصادم ہیں جس کی وجہ سے چیمپئنز ٹرافی کے فاتح پاکستانی اسکواڈ میں شامل 11 کھلاڑی پروٹیز ایونٹ کا حصہ نہیں بن رہے، جن میں بابر اعظم، حارث سہیل، شعیب ملک، سرفراز احمد، عماد وسیم، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، حسن علی، جنید خان اور رومان رئیس شامل ہیں، ان میں سے زیادہ تر کے بی پی ایل سے معاہدے ہیں، اگرچہ ڈرافٹنگ میں جنید خان کو نیلسن منڈیلا بے اسٹارز نے منتخب کیا ہے تاہم فاسٹ بولر نے ٹویٹر پر واضح کیا کہ ان کا بی پی ایل ٹیم کھلنا کے ساتھ معاہدہ ہے اس لیے وہ گلوبل لیگ میں نہیں کھیلیں گے۔ اس سے قبل شاہد خان آفریدی بھی بنگلادیشی لیگ کو پروٹیز ایونٹ پر ترجیح دینے کا اعلان کرچکے ہیں۔اگرچہ اسٹیلن بوش نے عماد وسیم کی خدمات حاصل کی ہیں تاہم ان کا بھی اس ٹورنامنٹ میں شریک ہونا یقینی نہیں ہے۔