لاہور: کرپٹ افراد اشرافیہ کہلاتے ہیں اور ایماندار کو کوئی نہیں پوچھتا، سب جانتے ہیں کس نے اربوں کھربوں روپے لوٹے: وزیر اعلیٰ پنجاب کی مزار اقبال پر حاضری کے بعد گفتگو
وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مزاراقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آج کرپٹ لوگ معاشرے میں اشرافیہ کہلاتے ہیں جبکہ ایماندار کو کوئی نہیں پوچھتا، کرپشن نے ہمارے نظام کو کھوکھلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کس نے اربوں کھربوں لوٹے مگر انھیں پوچھنے والا کوئی نہیں، ہم نے سب کچھ کیا مگر علامہ اقبال کے فرمودات پر عمل نہیں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا کردار نہ بدلا تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔
شہبازشریف نے کہا ہمارےعمل میں کمی رہی، اس لیے ترقی نہیں کر سکے، دیکھنا ہوگا ہم نے کرپشن روکنے کیلئے کیا اقدامات کیے، شفاف احتسابی عمل دفن ہوچکا جبکہ میرٹ کو پروموٹ نہیں کیا گیا، ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ کرپشن ہے، شفاف احتساب نہ ہونے سے میرٹ کو فروغ نہیں ملا، ملک کے اربوں، کھربوں روپے لوٹے گئے، سب کو پتہ ہے لوٹ مار کرنے والے کون ہیں؟۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا علامہ اقبال عظیم مفکر تھے، اقبال کی شاعری سے پوری دنیا کو روشنی ملتی ہے، انکی شاعری اور افکار آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مسلمانوں کیلئےعلیحدہ مملکت کے قیام کی تجویز سیاسی بصیرت کی عکاس تھی، ہم نے علامہ اقبال کی سوچ و فکر پر کتنا عمل کیا یہ آج بھی سوالیہ نشان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے شاعری کے ذریعے نئی نسل میں انقلابی روح پھونکی۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہوں نے مزار اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔