راولپنڈی(ویب ڈیسک ) معروف ماڈل گرل ایان علی کے خلاف کسٹمز کی خصوصی عدالت میں سماعت ہوئی سماعت میں ایان علی پیش نہ ہوئی جن کےخلاف پچھلی دوسماعتوں میں گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا ، آج کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق کسٹمز کی خصوصی عدالت میں ایک بار پھر سمگلنگ کیس کی سماعت کا آغاز جج ارشد حسین بھٹہ کی سربراہی میں کیا گیا۔گزشتہ سماعت میں عدالت نے پراسیکیوٹر کی طرف سے ماڈل گرل کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے ماڈل ایان علی کو چھ اکتوبر کو 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے ساتھ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن عدالت کے خصوصی حکم کے بعد بھی ملزمہ ایان علی عدالت میں پیش نہ ہوئیں۔ملزمہ ایان علی کی عدم حاضری پر کسٹمز کی عدالت نے ملزمہ کے وکیل پر شدید برہمی کا اظہار کیا، ایان علی کے وکیل نے عدالت کی برہمی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موکل بیمار ہیں ان کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔عدالت کا کہنا تھا کہ اگر ملزمہ بیمار ہیں تو ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کیا جائے، آپ نے کوئی میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش نہیں کیا، پرانے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اتنے وقت کےلئے استثنیٰ نہیں دیا جا سکتا۔کسٹمز عدالت کے سپیشل پراسیکیوٹر کسٹمز امین فیروز سماعت کے دوران برہم ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ ہمیشہ بہانے بناتے ہیں اورعدالت کا وقت ضائع کرتے ہیں، اتنا وقت گزر گیا ہے
ملزمہ کو جان بوجھ کر پیش نہیں کیا جا رہا، ملزمہ کےخلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔واضح رہے کہ کرنسی اسمگلنگ مقدمے میں ماڈل ایان علی کےخلاف پہلے بھی دو مرتبہ قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں۔عدالت نے اس بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 اکتوبر تک کےلئے ملتوی کر دی۔