لاہور (نیوز ڈیسک ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق آج انگلینڈ روانہ ہوں گے جہاں پر وہ ٹیم کی پرفارمنس کا جائزہ لیں گے ۔وہ اگلے ماہ کے وسط تک انگلینڈ میں قیام کریں گے اور پاکستانی ٹیم کی پریکٹس کے دوران بلے بازوں کو بیٹنگ میں بہتری لانے کے لئے ٹپس دینے کے علاوہ پلیئنگ الیون کے انتخاب میں ٹیم مینجمنٹ کی مدد کریں گے ۔ پی سی بی نے انضمام الحق کی انگلینڈ روانگی کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ انضمام الحق قومی ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے ۔وہ ٹیم کے کھلاڑیوں کو ٹپس دینے کے علاوہ ٹیم مینجمنٹ کو اپنے تجربہ کی بنیاد پر مشورہ دے سکتے ہیں ۔دوسری جانب ورلڈکپ کیلئے ٹیم سے ڈراپ کیے جانے پر جنید خان کا احتجاج، پی سی بی کا غیر متوقع ردعمل سامنے آگیا، پی سی بی کا جنید خان کے متنازعہ ٹوئٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے فوری کوئی ایکشن نہ لینے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنید خان کی ٹوئٹ کو نظرانداز کرتے ہوئے فوری کوئی ایکشن نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔پی سی بی میں موجود ذرائع کے مطابق جنید خان تیسری بار ورلڈ کپ اسکواڈ سے ڈراپ ہوئے لہٰذا ان کا احتجاج فطری ہے تاہم جنید خان کی ٹوئٹ کے بعد پی سی بی نے ان پر کڑی نظر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید خان کی کیفیت کا اندازہ ہے اور اسی لیے جذباتی ٹوئٹ فی الحال نظرانداز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل سینئر کھلاڑی کی جانب سے ایسا بیان مناسب نہیں، رائے دینا جنید خان کا حق ہے لیکن سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑی کو ایک حد تک آزادی اظہار رائے حاصل ہے۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019ء میں قومی ٹیم سے باہر کیے جانے پر فاسٹ باؤلر جنید خان نے سوشل میڈیا پر منفرد انداز میں احتجاج کیا تھا۔ فاسٹ باؤلر جنید خان نے سوشل میڈیا پر اپنے منہ پر ٹیپ لگا کر تصویر جاری کی، اس تصویر میں جنید خان نے لکھا کہ کچھ بولنا نہیں، سچ کڑوا ہوتا ہے۔ جبکہ یاد رہے کہ دورہ انگلینڈ کے دوران فاسٹ باولر جنید خان اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے تھے۔ انگلینڈ کے خلاف حالیہ سیریز میں ان کو صرف دو میچوں میں موقع دیا گیا تھا۔ تاہم وہ ان میچز میں صرف دو وکٹیں لے سکے۔ جنید نے 18 اوورز میں 142 رنز کی پٹائی برداشت کی اور صرف 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اس مایوس کن کارکردگی کے باعث ہی انہیں ورلڈکپ کیلئے قومی ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا۔