اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر اعتزازاحسن کا کہنا ہے کہ نوازشریف نے عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہمیں اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا اب ان کے ساتھ بیٹھنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اب دیوار توڑ کر نکلنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن اب ریفرنس میں ان کے خلاف فیصلہ لازم ہے اور وہ مشکل میں ہیں لیکن جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔ اعتزازاحسن نے کہا کہ نوازشریف نے ہمیشہ فوج، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا، جنرل اسلم بیگ کے ساتھ مل کر بے نظیر کی حکومت کے خلاف نوازشریف ہی کھڑے ہوئے، ججوں پر دباؤ ڈال کر بے نظیر کو سزا بھی دلوائی، یوسف رضا گیلانی کو نااہل قرار دینے میں بھی ان ہی کا ہاتھ تھا اب پیپلزپارٹی کے ان کے ساتھ بیٹھنا مشکل ہوگیا ہے۔ بیرسٹراعتزازاحسن کا کہنا تھا کہ ایک عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ نوازشریف شیڈو باکسنگ کررہے ہیں انہیں ہرکونےاور پردے کے پیچھے بھوت نظر آتے ہیں، ان کی اپنی حکومت ہونے کے باوجود کہتے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہورہی ہے اور وہ بتائیں کہ حکومت ان کی اپنی ہے تو جمہوریت کو کس طرح خطرہ ہوسکتا ہے اور نام لیں کہ آصف زرداری کس کے کہنے پر ان کے خلاف بات کررہے ہیں۔