اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کی منحرف رکن اسمبلی عائشہ گلالئی کی نااہلی کے لیے دائر ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا جو کچھ دیر میں سنائے جانے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن میں گلالئی کو ڈی سیٹ کرنے کے ریفرنس کی سماعت ہوئی اور عمران خان کے وکیل سکندر مہمند نے حتمی دلائل دیے جب کہ عائشہ گلالئی بھی الیکشن کمیشن میں موجود ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو کچھ دیر میں سنائے جانے کا امکان ہے۔ عمران خان کے وکیل نے سپریم کورٹ کے دو فیصلوں کی تفصیلات جمع کراتے ہوئے کہا کہ دونوں فیصلے پارٹی پالیسی سے انحراف کے متعلق ہیں۔
وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ عائشہ گلالئی کو ڈی سیٹ کر نے کیلئے پارٹی سے مستعفی ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ ٹی وی چینلز پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرچکی ہیں، لہذا گلالئی کو ان حقائق پر ڈی سیٹ کیا جائے، گلالئی نے جان بوجھ کر پارٹی پالیسی سے انحراف کیا اور وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد شیخ رشید کو ووٹ نہیں دیا۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگا کر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ عمران خان نے گلالئی کی اسمبلی رکنیت ختم کرنے کے لیے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کیا۔