کراچی: اداکار سعود نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی کا فیصلہ بہت تاخیر سے ہوا اس دوران پاکستانی فلموں کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا۔
اب ہمارے پاس بہترین موقع ہے کہ ہم پاکستان میں اچھی اور معیاری فلم بناکر پاکستانی فلموں کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانے کے علاوہ انڈسٹری کو ہونیوالے نقصان کا ازالہ کرسکتے ہیں، یہ بات انھوں نے ’’ایکسپریس ‘‘سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔
اداکار سعودنے مزید کہا کہ سنیما انڈسٹری کو بہت سے چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا لیکن جلد پاکستانی فلمیں ان سنیماؤں کو نقصان سے بچانے کے لیے اہم ثابت ہوں گی پاکستانی فلم بین اپنے ملک کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں، ہمیں جدید ٹیکنالوجی اور معیاری اسکرپٹ پر توجہ دینی ہوگی۔
ہمارے پاس وسائل کی کمی ضرور ہے لیکن بہترین ٹیلنٹ موجود ہے جو عالمی معیار کا کام کرناجانتا ہے، ٹیلی ویژن ڈراموں کی شاندار کامیابی کے بعد یہ بات ثابت ہوگئی کہ ہم نے ہمیشہ اچھاکام کیا ہے اور فلم کے شعبہ میں بھی بہتر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔