لاہور: پی سی بی نے متنازعہ انٹرویو دینے پر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
محمد حفیظ نے برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو میں مشکوک بولنگ ایکشن کے حوالے سے آئی سی سی کی پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایک انسانی آنکھ کیسے محض ایک ڈگری کے فرق کو دیکھ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ آئی سی سی کے قانون پر عملدرآمد کا دوہرا معیار ہے، قانون پر طاقت، تعلقات اور نرم گوشہ نظر انداز ہوتے ہیں۔
محمد حفیظ نے بطور بیٹسمین کارکردگی کئی بیٹسمینوں سے بہتر ہونے کے باوجود ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر بھی سوالات اٹھائے تھے جس کے بعد پی سی بی نے متنازعہ انٹرویو دینے پر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ ڈسپلن کی خلاف ورزی پر آل راﺅنڈر سے جواب طلبی کرے گا۔