سابق وفاقی وزیر حامد یار ہراج اور محمد یار ہراج نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا، کہتے ہیں عمران خان پاکستان میں امید کی واحد کرن اور تبدیلی کے علمبردار ہیں۔
ملتان:سابق وفاقی وزیر حامد یار ہراج اور محمد یار ہراج نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔ حامد یار ہراج کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان میں امید کی واحد کرن اور تبدیلی کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرسودہ اور کرپٹ سیاسی نظام کیخلاف فیصلہ کن معرکے میں عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ دونوں شخصیات کا پی ٹی آئی میں شمولیت پر خیر مقدم کرتا ہوں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ آج حق و باطل کے مابین تفریق بالکل واضح ہو چکی ہے، وہ ملتان میں سابق ممبر صوبائی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنماء ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ 2 نومبر کو پورا پاکستان اسلام آباد میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مکمل تیاری کے ساتھ جا رہے ہیں، اگر حکومت نے کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد پہنچیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت میں ایسا نہیں ہوتا کہ پرائم منسٹر چوری کرتا رنگے ہاتھوں پکڑا جائے اور اس کا احتساب نہ ہو، اسلام آباد مارچ کا مقصد نواز شریف کا استعفیٰ یا احتساب ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ سٹیٹس کو کا حصہ ہیں وہ یہ افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ پی ٹی آئی غیرجمہوری اقدام کرنے جا رہی ہے کیونکہ ان کو خوف ہے کہ اگر نواز شریف کا احتساب ہوا تو اگلی باری ان کی ہو گی۔
اس سے قبل، ملتان میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے بھی عمران خان حکومت پر خوب گرجے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تو رکاوٹیں ہٹا کر اسلام آباد پہنچیں گے، وزیر اعظم کو پاناما لیکس پر جواب دینا ہو گا۔