اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2016 کے مالی گوشوارے جاری کردیئے ہیں جس کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کے اثاثوں میں کمی واقع ہوئی ہے جبکہ عمران خان کے زیر استعمال کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے 2016 کے مالی گوشواروں کی فہرست جاری کر دی ہے جس کے مطابق وزیراعظم نوازشریف ایک ارب 62 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں جس میں وزیراعظم کے بیٹے حسین نواز کی جانب سے بیرون ملک سے بھیجے گئے 23 کروڑ 45 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی شامل ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں اور انہوں نے جاتی عمرہ رائیونڈ کی جائیداد کی قیمت 40 لاکھ روپے جب کہ اپرمال لاہور میں جائیداد کی قیمت 25 کروڑ روپے ظاہر کی۔ وزیراعظم کے پاس 70 لاکھ روپے کا فرنیچر اور 50 لاکھ روپے کے جانور اور پرندے بھی ہیں وہ 3 گاڑیوں اور 2 ٹریکٹرز کے بھی مالک ہیں جب انہوں نے اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے زیورات کی مالیت 15 لاکھ روپے ظاہر کی ہے۔
الیکشن کی رپورٹ کے مطابق عمران خان 1 ارب 40 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں جب کہ انہوں نے بیرون ملک کوئی اثاثہ ظاہر نہیں کیا۔ عمران خان نے بنی گالہ اراضی کی موجودہ مالیت 75 کروڑ روپے اور اس اراضی کو تحفہ ظاہر کیا ہے، خان ہاؤس بنی گالہ میں دفتر کی مالیت 59 لاکھ اور بنی گالہ کے گرد باؤنڈی وال کی مالیت 69 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ عمران خان کو زمان پارک لاہور میں ایک گھر وراثت میں بھی ملا ہے جس کی مالیت 29 کروڑ 60 لاکھ ررپے ظاہر کی گئی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے 4 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری بھی کررکھی ہے ان کے پاس 6 لاکھ کا فرنیچر اور 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ہیں ان کے زیر استعمال میں ذاتی کوئی گاڑی نہیں جو گاڑی ان کے پاس تھی وہ انہوں نے گزشتہ برس فروخت کردی تھی۔
وزیراعظم کے بھتیجے حمزہ شہباز کے اثاثوں کی کل مالیت 35 کروڑ روپے سے زائد ہے جب کہ نوازشریف کے داماد کیپٹن(ر) صفدر ایک کروڑ 42 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ کیپٹن (ر) صفدر نے اپنی اہلیہ مریم نواز کو 60 لاکھ روپے مالیت کی متحدہ عرب امارات سے ملنے والی گاڑی اور سعودی عرب میں اپنی گاڑی فروخت کرکے 20 لاکھ روپے مالیت ظاہر کی ہے۔ جب کہ مریم نواز کے اثاثوں کی مزید تفصیلات کا زکر نہیں ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نے وراثت میں ملنے والی جائیداد کی مالیت ظاہر نہیں کی۔ الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی 50 کروڑروپے سے زائد، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق 19 کروڑ روپے سے زائد، سینیٹر اعتزاز احسن 10 کروڑ روپے سے زائد، شیخ رشید 4 کروڑ 75 لاکھ روپے، خورشید شاہ 3 کروڑ روپے سے زائد جب کہ مولانا فضل الرحمان 64 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔
پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین 78 کروڑ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں اور انہوں نے اپنے گوشواروں میں ہیلی کاپٹر اور جہاز کا ذکر نہیں کیا تاہم اپنے زیر استعمال 5 گاڑیاں ظاہر کی ہیں۔ وزیرخزانہ اسحٰق ڈار 58 کروڑ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں جس میں انہوں نے 23 ہزار 825 روپے کا اسلحہ بھی ظاہر کیا ہے تاہم ان کی تفصیلات میں بیرون ملک وہ کسی جائیداد کے مالک نہیں۔