سرائے عالمگیر (وسیم بیگ)ممتاز دانشور ،کالم نگار اور دربار عالیہ حضرت پیر سید روشن شاہ ولی ؒ کے نائب سجادہ نشین سید کرامت حسین جعفری کربلائی نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی پستی اور زبوں حالی و بد امنی کا اہم اسباب یہود و نصاری ٰ کی امت مسلمہ کے خلاف سازشیں اور خود مسلم حکمرانوں کی ہوس اقتدار اور حقیقی دینی اقدار سے دوری ہے ،دین اسلام روشن خیال اور جدت پسند ہے جبکہ قدامت پسندوں نے اپنی جاہلیت کے باعث اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کر رکھا ہے ،داعش اور اس جیسی دیگر دہشت گرد تنظیمیں اسلام کی نشاۃ ثانیہ کی نہیں بلکہ استعماری و سامراجی قوتوں کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہیں جبکہ اسلام امن و آشتی اور برداشت و تحمل کا پیامبر ہے۔اپنے دورہ فیصل آباد کے دوران محلہ اسلام نگر ،رضا آباد،غلام محمد آباد اور تاندلیانوالہ میں مختلف مکاتبِ فکر کے اکابرین سے اتحاد امت کے موضوع پر تبادلہ خیالات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام دین فطرت ہے اور ہر عہد کے تقاضوں کو پورا کرتا ہے ،دین اسلام میں اجتہاد کا دروازہ کھلا ہے جو ہر عہد میں پیش آنے والے مسائل و مشکلات کا دیرپا حل پیش کرتا ہے لیکن بد قسمتی سے بعض قدامت پسند ملاؤں نے صدیوں پرانے نظریات کو جدید دنیا میں روشناس کرانے کی سازش کر کے اسلام کو قدامت پسندی اور توہمات پرستی کا دین بنا دیا ہے اور اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ طالبان ،القائدہ اور داعش قدامت پرستی اور اسلام کو بد نام کرنے کی گھناؤنی سازشیں ہیں جس کی پشت پر یہود و نصاریٰ کا ہاتھ ہے تاکہ اقوام عالم میں اسلام کو جدید عہد سے عاری دین ثابت کر کے دنیا کے خود ساختہ نظاموں کی برتری ثابت کی جا سکے اور مسلمانوں کو شدت پسند اور دہشت گرد قرار دیا جا سکے۔ کرامت کربلائی نے بتایا کہ عراق ،شام اور یمن کی صورتحال پوری امت کے لئے نہایت تکلیف دہ ہے اور یہ سب استعماری قوتوں کی عالم اسلام کو کمزور کرنے کی گھناؤنی سازش ہے اور بد قسمتی سے اس سازش میں بعض مسلم ممالک بھی امریکہ اور دیگر استعماری قوتوں کے ساتھ شریک ہیں