اپنے جسم میں نکلتی ہوئی توند کسی کو اچھی لگ سکتی ہے ؟ خواتین اور مرد دونوں اپنی پھیلتی کمر اور نکلتے پیٹ سے پریشان ہوتے ہیں۔
مگر اس سے نجات پانا بہت مشکل لگتا ہے۔تاہم پیٹ میں جمع ہونے والی اضافی چربی کو گھلانا چاہتے ہیں تو روزانہ بس ایک چائے کا چمچ یہ مصالحہ کھانا نہ بھولیں جو کہ اس چربی کو تین گنا زیادہ گھلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ دعویٰ ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
ایران کی شاہد سادوگئی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کھانے میں زیرہ کو شامل کرنا جسمانی وزن میں کمی، توند کے گرد جمع چربی کو گھلانے اور نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانے میں مدد دیتا ہے۔
تحقیق کے دوران موٹاپے کی شکار درجنوں خواتین کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا۔تین ماہ تک دونوں گروپس کو مختلف غذاﺅں کا استعمال کرایا گیا تاہم ایک گروپ کو روزانہ تین گرام زیرہ دہی میں شامل کرکے کھلایا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ زیرہ کھانے والے گروپ کے جسمانی وزن میں دوسرے گروپس کے مقابلے میں تین گنا زیادہ کمی آئی، تاہم زیادہ متاثر کن امر یہ تھا کہ پہلے گروپ میں چربی گھلنے کی سطح 14.64 فیصد تھی جبکہ دوسرے گروپ میں صرف 4.91 فیصد تھی۔
تحقیق کے مطابق زیرہ کھانے والی خواتین میں نقصان دہ بلڈ فیٹس کی سطح 23 پوائٹس تک گرگئی جبکہ دوسرے گرومیں یہ صرف پانچ پوائنٹ تھی، جبکہ صحت کے لیے نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح دس پوائنٹ تک کمی ہوئی جو کہ دوسرے گروپ میں صرف ہاف پوائنٹ تھی۔محققین کا کہنا تھا کہ زیرہ نباتاتی کیمیکلز اور فائٹوسٹیرول سے بھرپور ہوتا ہے جو کہ جسمانی وزن میں کمی لانے میں مدد دیتا ہے جبکہ یہ مصالحہ عارضی طور پر میٹابولک ریٹ کو بھی بڑھا دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگ اسے آزمانا چاہیں تو دہی کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے جبکہ دیگر کھانوں پر بھی چھڑک کر استعمال کیا جاسکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔