دبئی نے امسال رمضان المبارک میں مساجد اور گردونواح میں سحری کے لوازمات بذریعہ ڈرون پہنچانے کا منفرد منصوبہ تیار کرلیا ہےجس کے ذریعے 10 فیصد فوڈ ڈیلیوری ڈرون سے کی جائے گی۔
دبئی کی ایک نجی کمپنی نے شہریوں کو سحری پہنچانے کےلیے انوکھا انداز اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب شہریوں کو ان کے دروازے پر سحری کے لوازمات کی ترسیل کے لیے روایتی طریقے جیسے موٹر سائیکل یا گاڑی کے بجائے ڈرون استعمال کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ دبئی میں زیادہ تر افراد غیر مقامی ہیں جو روزگار کی غرض سے یہاں رہائش پذیر ہیں جن میں اکثریت بھارت اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے مسلمانوں کی ہے جن کےلیے علی الصبح سحری کی تیاری دشوار کام ہوتا ہے جب کہ وقت کی قلت کے باعث سحری کےلیے باہر جانا بھی ممکن نہیں رہتا اس لیے اکثر لوگ تیار سحری آرڈر کرتے ہیں تاہم اس کی بروقت ترسیل میں بھی ایک مشکل مرحلہ تھی جسے ڈرون کے ذریعے حل کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دبئی کے مقامی نوجوانوں نے اس پروجیکٹ کو مکمل کرلیا ہے جب کہ سحری کی تیاری کے لیے رضاکاروں کی بڑی ٹیم درکار ہے جس کے لیے انٹرویوز جاری ہیں۔ یہ اسلامی دنیا میں فراہم کی جانی والی اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہوگی۔