حنیف عباسی، اپنی اہلیہ دو بیٹیوں، بیٹے اور بھائی کے نام اثاثوں کی تفیصلات جمع کرائیں، مذکورہ تمام افراد بغیراجازت کسی اور شخص کو رقم کی منتقلی نہ کریں: نوٹس
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کیخلاف منشیات کیس میں ازسرنو تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، انسداد منشیات فورس نےحنیف عباسی اوراسکے اہلخانہ سے بینک اکاؤنٹس، اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لیں، ملزم کو بغیر اجازت رقم منتقلی سے بھی روک دیا گیا۔ انسداد منشیات فورس کی جانب سے حنیف عباسی کیخلاف منشیات کیس کی مزید انکوائری کیلیے نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں حنیف عباسی اور اس کے اہل خانہ کو اپنے تمام بینک اکاؤنٹس اور اثاثوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ حنیف عباسی، اپنی اہلیہ دو بیٹیوں، بیٹے اور بھائی کے نام اثاثوں کی تفیصلات جمع کرائیں، مذکورہ تمام افراد بغیراجازت کسی اور شخص کو رقم کی منتقلی نہ کریں۔ اے این ایف نے حنیف عباسی اور ان کے اہل خانہ سے بینک ٹرانزیکشنز، قرضوں، سرمایہ کاری، انشورنش کمپنیوں کو ادائیگیوں یا پریمیم سے متعلق بھی معلومات طلب کی ہیں۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایک لاکھ سے زائد بینک ٹرانزیکشنز، چیکس، بینک ڈرافٹ، ٹرانسفر لیٹر، ڈپازٹ سلپ، بینک چیک بک سیریل نمبر سے متعلق بھی آگاہ کیا جائے، حنیف عباسی اور اس کے اہلخانہ سے فاران ریمیٹنس کی معلومات بھی مانگی گئی ہیں۔