جے آئی ٹی نے گلف سٹیل کی فروخت جھوٹ قرار دے دی ، وزیر اعظم اور ان کے بچے مصدقہ دستاویزات دینے میں ناکام رہے :رپورٹ
اسلام آباد: جے آئی ٹی نے گلف سٹیل کی فروخت کا دعویٰ ، قطری خط کے مندرجات اور طارق شفیع کا بیان جھوٹ کا پلندہ قرار دیدیا ۔ دبئی حکومت نے منی ٹریل سمیت شریف خاندان کی دیگر دستاویزات کی تصدیق نہیں کی ۔ ذرائع کے مطابق گلف سٹیل پر طارق شفیع اور حسین نواز کے بیانات متصادم ہیں جبکہ وزیر اعظم نواز شریف ، ان کے بچے اور طارق شفیع مصدقہ دستاویزات دینے میں ناکام رہے۔
مل کی فروخت، قطر میں کاروبار اور لندن فلیٹس کی خریداری کی دستاویزات جعلی جبکہ قطری خط کو افسانہ قرار دے دیا ۔ جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گلف سٹیل ملز کے 25 فیصد شئیر بیچنے کا دعویٰ جھوٹا اور دبئی سے جدہ سکریپ مشینری بھیجنا بھی مشکوک ہے ۔ طارق شفیع اور حسین نواز کے بیانات میں تضادات ہی ساری کہانی من گھڑت ثابت کرنے کے لئے کافی ہیں۔ دبئی حکام نے 25 فیصد شئیر کی 12 ملین درہم فروخت ہونے کی تصدیق نہیں کی ۔ رپورٹ کے مطابق شریف خاندان منی ٹریل ثابت کرنے کے لئے ایک بھی دستاویزات پیش نہیں کر سکا ۔ گلف سٹیل کی فروخت سے 12 ملین درہم وصول کرنے اور قطر کے الثانی خاندان کو دینے کی کوئی بھی دستاویز فراہم نہیں کی گئی ۔ قطری شہزادے کا اپنے بھائی فہد بن جاسم کو کاروبار کے لئے 12 ملین درہم دینے کا دعویٰ افسانہ ہے حقیقت نہیں۔