لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن میں کلثوم نواز کے کاغذات مسترد کرنے کی ہمت نہیں تھی۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 سے تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے حلقے کا دورہ کیا اور اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے کاغذات اور کلثوم نواز کے بھی کاغذات منظور ہو گئے ہیں لیکن کاغذات کی تصدیق کے لیے ملکہ عالیہ نے آنے کی بھی زحمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ہمت نہیں تھی کہ کلثوم نواز کے کاغذات مسترد کرتے لہٰذا اب ہم نئی پٹیشن تیار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز نے ووٹرز کو ٹھکرا کر لندن کی فلائٹ پکڑلی، یہ خود کو مغل اعظم سمجھتے ہیں کہ گھر بیٹھے ووٹ ملیں لیکن اب ایسا نہیں ہوگا۔ تحریک انصاف کی امیدوار کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس حلقے میں نہیں آ سکتے وہ نا اہل ہیں اور اگر گلی گلی پھر کے ووٹ نہ مانگے تو انہیں ووٹ نہیں ملیں گے۔