اسلام آباد: الیکشن دوہزار اٹھارہ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اس دوران الیکشن کمیشن کو انتخابی دنگل لڑنے کے لیے 15 ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی موصول ہوئے۔ملک میں 2018 کے الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے لیے فارم نیب، ایف بی آر اور اسٹیٹ بنک کو ارسال کردیے گئے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 جون تک مکمل کرلی جائے گی جس کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس خصوصی سیل فعال کردیا گیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، تحریک انصاف سربراہ عمران خان پانچ پانچ، پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اور جماعت اسلامی سربراہ سراج الحق دو دو حلقوں سے الیکشن لڑیں گے۔مریم نواز شریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور چوہدری نثار بھی دو دو نشستوں پر زور آزمائیں گے جب کہ سابق صدر پرویز مشرف نے تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی جمع کرا رکھے ہیں۔لاہورکی 14 قومی اور 30 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 230 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ پشاور میں 192 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ کراچی سے قومی اور صوبائی اسمبلی کی 65 نشستوں پر کانٹے کے مقابلوں کی توقع ہے۔ کئی سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اہم رہنما شہر قائد کی نشستوں پر میدان میں اترنے کو تیار ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات کی منظوری اور مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلوں کو 27 جون تک نمٹایا جائے گا جس کے بعد امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 28 جون کو جاری ہوں گی۔امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے جس کے بعد الیکشن کمیشن حتمی فہرست 30 جون کو جاری کرے گا۔ پاکستان میں آئندہ عام انتخابات 25 جولائی کو منعقد کیے جائیں گے۔