اسلام آباد: سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے نہ صرف حلقہ بندیوں کے لیے افسران کی تربیت مکمل کرلی ہے بلکہ پرانے یا نئے قانون کے تحت بندیوں کے لیے بھی تیار ہے۔
نئی حلقہ بندیوں سے متعلق اجلاس کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ مردم شماری کے بعد نئی حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کا معاملہ حل طلب ہے، سیکرٹری قانون، چیف شماریات کے سامنے تمام صورتحال رکھی ہے جب کہ اگر یکم نومبر سے حلقہ بندیوں پر کام شروع کیا جائے تو بمشکل 30 اپریل کو مکمل ہوں گی۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکرٹری قانون کو آئینی ترمیم کے لیے 7 دن کی مہلت دی ہے، حکومت سے مطالبہ کیا ہے مردم شماری کا حتمی نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے جب کہ پرانے یا نئے قانون کے تحت الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کے لیے افسران کی تربیت مکمل کرلی ہے، حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کی نظرثانی پر 4 ارب روپے خرچ ہوں گے۔