اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلے کی وجہ سےانتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہوں گے اور عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی حلقہ بندیوں پر عدالتی فیصلوں کے آئینی و قانونی پہلووٴں کا جائزہ لے لیا ہے اور اس نتیجے پر پہنچا ہے کہ عدالت حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلوں کو کالعدم قرار نہیں دے سکتی۔ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسمبلیوں کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر الیکشن کراناآئینی ضرورت ہے، حلقہ بندیوں سے متعلق عدالتی فیصلوں کی وجہ سےعام انتخابات تاخیر کا شکارنہیں ہوں گے،عام انتخابات 25 جولائی کو ہی ہوں گے،الیکشن کمیشن چند روز تک عام انتخاباتکا شیڈول جاری کرے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے جہلم، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لوئر دیر کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو سن کر دوبارہ حلقہ بندیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔