اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے اور نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے اپنی تمام توانائیاں استعمال کررہا ہے۔
ا قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرِ صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نیب کے آپریشن ڈویژن و پراسیکیوشن ڈویثرنز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چئیرمین نیب نے آپریشن ڈویژن اور پراسکیوشن ڈویثرن کو ہدایت کی کہ نیب آرڈیننس قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشن کو میرٹ ، شفافیت ، شواہد اور پہلے سے طے شدہ طریقہ کارکے مطابق 10 ماہ کے مقرر کردہ وقت کے اندر مکمل کریں اور اس سلسلہ میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چئیرمین نیب نے نیب لاہور میں 161 انکوائریاں، 47 انوسٹی گیشنز، نیب کراچی میں 173 انکوائریاں، 119 انوسٹی گیشنز، نیب خیبر پختونخواہ میں105 انکوائریاں، 26 انوسٹی گیشنز، نیب بلوچستان میں85 انکوائریاں، 23 انوسٹی گیشنز، نیب راولپنڈی میں 102 انکوائریاں، 40 انوسٹی گیشنز، نیب ملتان میں 18 انکوائریاں، 13 انوسٹی گیشنز اور نیب سکھر میں 95 انکوائریاں اور 20 انوسٹی گیشنز مقررہ وقت کے اندر قانون اور شواہد کی بنیاد پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے مختلف احتساب عدالتوں میں 1216 بدعنوانی کے ریفرنسزکی بھی مؤثر پیروی کی ہدایت کی تاکہ بدعنوان عناصر کو قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے اور قوم کے اربوں روپے مبینہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے جا سکیں۔