راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولے گی جب کہ دہشت گردی کے خاتمہ اورسرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایبٹ آباد میں 2روزہ خصوصی بلوچ رجمنٹ کانفرنس جاری ہے، کانفرنس کے پہلے روز آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اور کمانڈر
10 کور لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا سمیت سابق آرمی چیف اشفاق پرویز کیانی سمیت کئی ریٹائرجرنیلوں نے شرکت کی، آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جب کہ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو کرنل انچیف کے رینک بھی لگائے گئے۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا کہنا تھا کہ ملکی دفاع میں بلوچ رجمنٹ کے اہم کردار پر فخر ہے جب کہ بلوچ رجمنٹ کی قربانیاں قابل قدر ہیں، پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو کبھی نہیں بھولے گی جب کہ دہشت گردی کے خاتمہ اورسرحدوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔