وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔
لاہور: (یس اُردو) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت صوبہ پنجاب میں انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور کور کمانڈر لاہور نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی عظیم قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہید بچوں کی لازوال قربانیوں کے طفیل آج پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔ شہید بچوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے افسروں و جوانوں اور پولیس حکام اور اہلکاروں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔