لندن: برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے یورپی یونین پر الزام لگایا ہے کہ وہ میڈیا میں پروپیگنڈے کے ذریعے برطانوی انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کر رہی ہے۔
ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تھریسا مے نے کہا کہ یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی (بریگزٹ) کے حوالے سے مذاکرات شروع ہونے کے بعد سے یورپی یونین نے برطانیہ کے خلاف سخت رویہ اپنا لیا ہے اور میڈیا کے ذریعے برطانیہ مخالف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ساری کارروائی کا مقصد برطانیہ میں آئندہ ماہ ہونے والے عام انتخابات پر اثرانداز ہونا ہے۔ دوسری جانب حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے برطانوی وزیراعظم کے اس دعوے کو انتخابی چال بازی قرار دے دیا ہے تاکہ وہ آئندہ عام انتخابات میں زیادہ سے زیادہ برطانوی ووٹروں کی ہمدردیاں حاصل کرسکیں۔