لاہور (ویب ڈیسک) امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دورہ امریکہ کے موقع پر صدر ٹرمپ سے ملاقات کے دوران قوم کی بیٹی عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کریں اور انہیں وطن واپس لاکر پی ٹی آئی کے انتخابی منشور میں کیا گیا وعدہ پورا کریں، ہمیں ان سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور پی ٹی آئی نے ہمیشہ ہمارے کاز کو سپورٹ کیا ہے۔ گزشتہ روز میڈیا ست گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ نے کہاکہ یہ موقع وزیراعظم کیلئے ایک امتحان ہے کہ وہ وعدے کی پاسداری کرکے ’’مین آف کمٹمنٹ‘‘ ثابت ہوتے ہیںاورڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی خوشخبری سناتے ہیں یا ایک دفعہ پھر یوٹرن کا سہارا لیتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی پاکستان کی عزت و توقیر کے مترادف ہے اور وزیر اعظم کا دورہ اس حوالے سے امید کی کرن ہے۔ انہوںنے کہا کہ میری توقعات عمران خان سے اتنی زیادہ ہیں کہ اگر اسکے برعکس ہوا تو میرے لئے یہ بڑا صدمہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ جب دوسرے ممالک امریکہ اور بھارت اپنے چور ڈاکو قاتل دہشتگرد وں کو بچانے کیلئے میدان میں اتر آتے ہیں تو پھر ہم اپنی بیٹی کو کیوں نہیں بچا سکتے۔ انہوں نے کہا کہ میری بہن سولہ سال سے قید میں ہے اور اس کے دو بچے بغیر ماں کے پل رہے ہیں جبکہ ہماری والدہ عصمت صدیقی کی صحت بھی تیزی سے گر رہی ہے، وہ بیٹی کی قید کی وجہ سے کرب میں مبتلا ہیں اور بیٹی کی طویل جدائی نے انہیں نڈھال کر رکھا ہے، ہم ایک دفعہ پھر وزیراعظم سے عافیہ کو بچانے کی درخواست کرتے ہیںاور یہ کام ایک حقیقی لیڈر ہی کرسکتا ہے، پاکستان کو یہ موقع ضائع نہیں کرنا چاہئے۔