لاہور ( ویب ڈیسک ) 1 لیٹر پیٹرول میں 25 کلومیٹر کا سفر، پاکستانی کمپنی نے غیر ملکی کمپنیوں کی گاڑیوں کے مقابلے میں کم قیمت اور بہترین گاڑی تیار کر لی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آہستہ آہستہ گاڑیاں تیار کرنے کی صنعت فروغ پا رہی ہے۔ ایک وقت میں پاکستان میں استعمال کی جانے والی زیادہ تر گاڑیاں دوسرے ممالک سے منگوائی جاتی تھیں، تاہم اب آہستہ آہستہ مختلف کمپنیاں پاکستان میں ہی کار سازی کی صنعت لگا رہی ہیں۔پاکستان میں کار سازی کی صنعت کے فروغ پانے سے مارکیٹ میں سستی گاڑیوں آئیں گی، اور یوں متوسط طبقے کے لوگوں کیلئے اپنی ذاتی سواری کا حصول ممکن ہو پائے گا۔ اس وقت جہاں کئی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں کار سازی کی صنعت لگا رہی ہیں، وہیں کئی پاکستانی کمپنیاں بھی کار سازی کی صنعت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ پاکستان میں موٹرسائیکل اور اس کے سپئیر پارٹس بنانے والی مشہور کمپنی پرنس کی جانب سے اب گاڑیاں بنانے کا کام بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ پرنس نامی کمپنی جانب سے اب پرل نامی ایک گاڑی تیار کی گئی ہے۔ پرل 2019 نامی گاڑی 800 سی سی انجن کی حامل ہے۔ نئی بنیادی نوعیت کی یہ گاڑی 2019ء کی پہلی ششماہی میں پرنس پرل REX7 کے نام سے متعارف کروائی جائے گی ۔ یہ گاڑی اب تک باضابطہ طور پر پیش نہیں کی گئی لیکن باخبر ذرائع کے مطابق پرنس پرل دو ویریئنٹ آٹومیٹک اور مینوئل ورژن پیش کرے گا ۔ جس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 120 سے 130 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی ۔ یہ گاڑی ممکنہ طور پر 7 سے 8 لاکھ روپے کے درمیان ہوگی ۔ بتایا گیا ہے کہ پرنس پرل کے استعمال کا خرچ بہت ہی معمولی ہوگا۔ یہ گاڑی ایک لیٹر پیٹرول میں 25 کلومیٹر تک کا سفر طے کر سکے گی ۔ پرنس پر ل کی نمایاں خصوصیات میں پاور ونڈوز ،سینٹرل لاکنگ ،ایل سی ڈی اور پاور سٹیرنگ جیسے فیچرز بھی شامل ہیں ۔ابتدائی طور پر یہ گاڑی مختلف رنگوں جن میں سفید ،سنہرا ،بھورا اور سرخ شامل ہے میں دستیاب ہوگی۔