وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی 47 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا۔
ایوان صدر میں منعقدہ تقریب کے دوران صدر مملکت ممنون حسین نے وفاقی کابینہ کے وزرا سے حلف لیا۔ ذرائع کے مطابق نئی وفاقی کابینہ 28 وفاقی وزراء اور 19 وزرائے مملکت پر مشتمل ہے جب کہ کابینہ میں بیشتر وزیر گزشتہ کابینہ سے ہی لئے گئے ہیں تاہم کابینہ میں 6 نئے وزرا اور 12 نئے وزرائے مملکت کو شامل کیا گیا ہے۔ وفاقی وزرا کے لئے اسحاق ڈار، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف، احسن اقبال، زاہد حامد، برجیس طاہر، ریاض پیرزادہ، اکرم درانی، مرتضیٰ جتوئی، شیخ صلاح الدین، پرویز ملک، اویس لغاری، کامران مائیکل اور سائرہ افضل نے حلف اٹھایا۔ سردار یوسف، خرم دستگیر، رانا تنویر، جاوید علی شاہ، بلیغ الرحمان، مولانا امیر زمان، شیخ آفتاب، مشاہد اللہ ، ممتاز تارڈ، حاصل بزنجو اور صدالدین راشدی نے بھی وفاقی وزیر کا حلف اٹھایا۔
ذرائع کے مطابق وزارت توانائی کے نام سے نئی وزارت قائم کی گئی ہے جس کا قلمدان وزیراعظم شاہد خاقان اپنے پاس رکھیں گے۔ وزرائے مملکت کے لئے انوشے رحمان، طلال چودھری، دانیال عزیز، ڈاکٹر درشن، عثمان ابراہیم، عبدالرحمان کانجو، چودھری جعفر اقبال، پیر امین الحسنات، ارشدلغاری، محسن شاہنواز رانجھا، جنید انوار، جام کمال اور حافظ عبدالکریم کو وزرائے مملکت میں شامل کیا گیا ہے۔