وفاقی کابینہ آج کراچی اور حیدرآباد کے لئے 30 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری دے گی۔
The Federal Cabinet will accept the development package of Karachi and Hyderabad today
وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا ہے جس میں امن و امان کی صورتحال سمیت جاری ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کی یادداشتوں کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے جب کہ اس موقع پر سی پیک سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کراچی اور حیدرآباد کے لئے 30 ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کی منظوری دے گی جب کہ پالیسی کے تحت ترقیاتی پیکج کے ایڈمنسٹریٹر گورنر سندھ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے کراچی، حیدرآبد کے ترقیاتی پیکج پر وفاقی حکومت عملدرآمد کرائے گی جب کہ مختلف منصوبوں کو مقررہ مدت اور مقررہ رقم میں مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے پیکج کے تحت کراچی میں جدید اسپتال اور میڈیکل کالج قائم کیا جائے گا جب کہ گرین میٹروبس کی توسیک، پانی کی فراہمی کے نئے منصوبوے اور کے ایم سی کو 50 نئے فائر ٹینڈرز کی فراہمی بھی پیکج کا حصہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریفک کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے پل اور انڈر پاسز بھی بنائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پیکج کے تحت حیدرآمد میں نئی یونیورسٹی اور میڈیکل کالج تعمیر کیا جائے گا اور حیدرآباد میونسپل کو مزیدفنڈز فراہم کیےجائیں گے۔