ماسکو: انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، کھیلوں کے سب سے بڑے عالمی مقابلے کے آغاز آج ہوگا، میزبان ٹیم ایکشن میں نظر آئے گی۔
تفصیلات کے مطابق روس میں منعقدہ فیفا ورلڈ کپ 2018 کے آغاز میں صرف چند گھنٹے باقی ہیں، پہلا مقابلہ میزبان ٹیم روس اور سعودی عرب کے مابین ہوگا۔
فیفا ورلڈ کپ کو یادگار بنانے کے لئے شان دار آتش بازی اور نامور فن کاروں کی پرفارمینس کا اہتمام کیا گیا ہے، ایک اندازے کے مطابق پانچ سو سے زائد ڈانسرز اور پرفارمرز تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔
برطانوی گلوکار روبی ولیمز آواز کا جادو جگائیں گے، تقریب میں ورلڈ کپ 2018 کا آفیشل گانا بھی پیش کیا جائے گا۔ میگا ایونٹ کی افتتاحی تقریب ماسکو کے لوزنکی اسٹیڈیم میں ہوگی۔
14 جون کو شروع ہونے والا یہ عالمی مقابلہ 15 جولائی تک جاری رہے گا، جس میں دنیا کی 32 بہترین ٹیمیں سنہری ٹرافی کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کا اظہار کریں گی، جرمنی کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفع کرے گی۔
یہ مقابلے روس کے گیارہ شہروں کے 12 اسٹییڈیمز میں ہوں گے، میسی، رونالڈو، نیمار، مولر، ہیزارڈ، صالح، پوگبا جادو جاگئیں گے، ایک اندازہ کے مطابق کروڑوں افراد ان مقابلوں کو ٹی وی اسکرین سے براہ راست دیکھیں گے۔