لاہور: عالمی کپ کے لیے انگلینڈ روانگی سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے جہاں قومی ٹیم ورلڈ کپ 2019 کے لیے 23 اپریل کو روانہ ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے عالمی کپ سے قبل 13 سے 22 اپریل تک قومی ٹیم کی تیاریوں کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ 13 اپریل کو بائیں ہاتھ کے اسپنر محمد نواز کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں فٹنس ٹیسٹ ہو گا، ان کا یہ ٹیسٹ اسٹیٹ بینک کی درخواست پر لیا جا رہا ہے جو انہیں پیٹرنز ٹرافی گریڈ 2 راولپنڈی میں آرمی کے خلاف میچ میں کھیلتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہے۔ 15 اپریل کو ورلڈ کپ کے بقیہ 22 ممکنہ کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ قذافی اسٹیڈیم میں لیے جائیں گے جبکہ 16 اور 17 اپریل کو وہ 22 ممکنہ کھلاڑیوں میں شرکت کریں گے۔ پھر 18 اپریل کو شام ساڑھے 5 بجے چیئرمین سلیکشن کمیٹی انضمام الحق ورلڈ کپ سمیت دورہ انگلینڈ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کریں گے جبکہ انگلینڈ کی سیریز کے لیے دو ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا جائے گا۔ورلڈ کپ کے لیے کردہ قومی ٹیم کا ٹریننگ سیشن 20 اپریل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہو گا جس کے بعد عالمی کپ کی ٹیم کے 7 کھلاڑی پریس کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
22 اپریل کو قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ پاکستانی ٹیم 23 اپریل کو دورہ انگلینڈ پر روانہ ہو گی اور 27 اپریل کو کینٹ کے خلاف پریکٹس میچ سے قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز کرے گی۔پاکستانی ٹیم 5 مئی کو انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 میچ کھیلے گی اور پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کا آغاز 8مئی سے ہو گا۔ورلڈ کپ کے لیے پاکستان ٹیم 24 مئی کو افغانستان کے خلاف وارم میچ سے تیاریوں کو حتمی شکل دے گی جس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ایک میچ کھیلا جائے گا۔