اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عوام کو اپنے سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے اور دہشت گردی کے خلاف ابھی حتمی جنگ جیتنا باقی ہے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی فورس کے کانسٹیلبز کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے ہمارے جوانوں نے اپنی جانیں قربان کیں، وطن کے دفاع میں شہید ہونے والے خوش قسمت ہیں، عوام کو اپنے سیکیورٹی اداروں پر فخر ہے، آج قوموں کا دفاع توپوں سے نہیں معیشت سے ہوتا ہے جب کہ دہشت گردی کے خلاف ابھی حتمی جنگ جیتنا باقی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ 2013 کے مقابلے میں آج کا پاکستان مختلف ہے، 6 مئی کو ایک بزدل نے مجھ پرگولی چلائی تھی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں ملی ہیں لیکن ہمارے دشمن ہمیں اندر سے کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں۔