لاہور: وزارت خزانہ نے 5مہینوں میں وصول قرضوں کی تفصیلات سینیٹ میں جمع کروا دیں، وزارت خزانہ نے سینیٹ اجلاس کو بتایا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے 5 مہینوں میں 1681 بلین ڈالر غیرملکی قرضہ حاصل کیا، چین، جاپان، فرانس، سعودی عرب اور یواے ای سے حاصل کردہ قرضے کی تفصیلات بھی پیش کیں، حکومت نے 3395 ملین امریکی ڈالر قرضہ واپس کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت نے پہلے 5 مہینوں میں 1681 بلین ڈالر غیرملکی قرضہ حاصل کیا۔ حکومت نے 5 ممالک سے 741 ملین ڈالر کا قرضہ لیا۔ ان ممالک میں چین سے 700 ملین ڈالر قرضہ لیا گیا۔ فرانس سے 15 ملین ڈالر قرضہ لیا۔ جاپان سے 26 ملین ڈالر قرضہ لیا گیا۔ اسی طرح دو غیرملکی کمرشل بینکوں سے 429 ملین ڈالر قرضہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ نے سینیٹ کو بتایا کہ 6 غیرملکی مالیاتی اداروں سے موجودہ حکومت نے پہلے پانچ مہینوں میں 511 ملین ڈالر قرضہ لیا۔ اسی طرح سعودی عرب سے 3 ارب ڈالراور یو اے ای سے ایک ارب ڈالر قرضہ لیا گیا۔ وزارت خزانہ نے یکم جولائی 2018ء سے فروری 2019ء تک کے ادا شدہ قرضوں کی تفصیلات بھی سینیٹ میں پیش کردی ہیں۔ سینیٹ کو بتایا گیا کہ حکومت نے 3395 ملین امریکی ڈالر قرضہ واپس کیا ہے۔ حکومت نے فروری 2019ء تک 27ہزار 376 ارب روپے قرض واپس کیا۔ دوسری جانب وزارت خزانہ نے وضاحت کی ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو فنڈز کی فراہمی میں تاخیر یا کمی نہیں کی۔ تمام صوبے این ایف سی ایوارڈ کے تحت اپنے شیئرز وصول کر رہے ہیں۔ وزارت خزانہ نے مزید وضاحت کی کہ حکومت سندھ نے جولائی تا مارچ 2018-19ء کے دوران 441.8 ارب روپے وصول کئے ہیں، گزشتہ مالی سال میں اس مدت کے دوران 418.1 ارب روپے وصول کئے تھے اس طرح 5.7 فیصد اضافہ کے ساتھ فنڈز دیئے گئے، یہ اضافہ 23.7 ارب روپے بنتا ہے۔ اسی طرح پنجاب اور خیبر پختونخوا نے بالترتیب 886.6 ارب روپے اور 290.4 ارب روپے وصول کئے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران یہ بالترتیب 801.7 اور 269.3 ارب روپے تھا اس طرح وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کئے جانے والے فنڈز میں بالترتیب 8.1 فیصد اور 7.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔