دبئی کے مرینا ٹارچ ٹاور میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیاجس کے بعد بلڈنگ میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔ اماراتی حکام کے مطابق عمارت میں لگنے والی آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ بلڈنگ میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال کیا گیا۔ اس موقع پر حکمران شیخ محمد کے صاحبزادے شیخ منصور نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور امدادی کاموں کا جائزہ بھی لیا۔ دبئی حکام کے مطابق متاثرہ افراد کے لیے قریبی رہائشی عمارتوں اور ہوٹلز میں انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ متاثرہ افراد ان قریبی رہائشی عمارتوں سے رابطہ کرسکتےہیں، جبکہ آگ سے متاثر ہ علاقے میں فری ٹیکسی سروس کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔
آگ لگنے کے بعد موقع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ مرینا اپارٹمنٹس میں لگی ہوئی آگ کے شعلے رات کی تاریکی کے باعث دور سے با آسانی دیکھے جا سکتے تھے ۔ آتشزدگی کے بعد سول ڈیفنس حکام کی جانب سے جائے وقوعہ پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی تھی جس کے بعد ریسکیو و امدادی ٹیموں نے بروقت پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا۔ ذرائع کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کی وجہ تاحال پتہ نہیں چل سکی ہے۔ واضح رہے کہ 2 سال قبل بھی مرینا اپارٹمنٹس میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آچکا ہے۔